سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ آئی ٹی کے شعبہ میں بہترین ہنر مند افرادی قوت تیار کر رہا ہے

فیصل آباد (حشمت خان) سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ نے آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کی برآمد سے دس ارب روپے کمانے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ پسماندہ طبقوں کو بنے بنائے گھر دینے کیلئے فیصل آباد میں 20ایکڑ اراضی حاصل کر لئی گئی ہے۔ یہ بات چیئرمین سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ مولانا بشیر فاروقی نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے اپنے پہلے دورے کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے اس وقت عالمی سطح پر آئی ٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس شعبہ کیلئے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ آئی ٹی کے شعبہ میں بہترین ہنر مند افرادی قوت تیار کر رہا ہے جن کے ذریعے اس وقت 4ارب روپے کی برآمدات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے تعاون سے آئی ٹی کی برآمدات کو فوری طور پر دس ارب روپے تک بڑھانے کا منصوبہ ہے انہوں نے بھارت کے آئی ٹی سیکٹر کا خاص طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ بھارت کا شہر احمد آباد اس وقت 104ارب روپے کی آئی ٹی مصنوعات برآمد کر رہا ہے، جبکہ اس شعبہ کے ذریعے ہم بھی بھاری قیمتی زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سیلانی آئی ٹی یونیورسٹی کے 42ذہین طلبہ کو ایوان صدر بلایا تھا جن کا مقصد موجودہ حکومت کے غربت کے خاتمے کیلئے شروع کئے جانے والے احساس پروگرام کیلئے سیلانی ٹرسٹ کی خدمات اور تجربہ سے فائدہ اٹھانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلانی کے تمام آئی ٹی ماہرین بر سر روزگار ہیں۔ جبکہ نئے فارغ التحصیل طلبہ کو روزگار مہیا کرنے کیلئے مقامی صنعتکاروں کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلانی نے اپنے بچوں کیلئے جاب بینک قائم کیا ہے جس کے پاس اس وقت 1100طلبہ کا سی وی موجود ہے جن کو روزگار کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلانی ٹرسٹ نے غربت کے خلاف اپنی جدوجہد کا آغاز مفت دستر خوانوں سے شروع کیا تھا جو ملک بھر میں قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں بھی 30دستر خوان چلائے جا رہے ہیں جبکہ اب اُن کی توجہ تعلیم کے فروغ پر ہے تاکہ نوجوان نسل کو بامقصد تربیت دے کر ملک کا پیداواری حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام دستر خوانوں پر تعلیم کی اہمیت کے بینر لگوانا چاہتے ہیں اور اس سلسلہ میں مقامی صنعتکاروں کو مالی تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے بے گھر لوگوں کیلئے گھروں کے جامع منصوبے کا بھی خیر مقدم کیا اور بتایا کہ سیلانی ٹرسٹ بھی اس میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے فیصل آباد میں 20ایکڑ اراضی حاصل کر لئی گئی ہے۔ جہاں ایک ہزار بنے بنائے مکان کم آمدنی والے لوگوں کو دیئے جائیں گے۔ انہوں نے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ اپنے چھوٹے ملازمین کی فہرست مہیا کریں تاکہ اُن کو بھی مکان دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ان مکانوں کا کرایہ لیا جائے گا جبکہ بعد ازاں اس کے مکینوں کو ہی ان کی ملکیت منتقل کر دی جائے گی۔ اس سے قبل
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر عرصہ دراز سے فلاحی کاموں میں حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی فیصل آباد چیمبر سیلانی ٹرسٹ کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دے گا۔ انہوں نے مولانابشیر فاروقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنا ایک مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کی ترقی کا سہرا مولانا بشیر فاروقی کے اعلیٰ نظریے کا مرہون منت ہے۔ نائب صدر بلال وحید نے اپنی طرف سے میاں جاوید اقبال کے ذریعے مولانا بشیر فاروقی کو ایک لاکھ کا چیک پیش کیا۔ جبکہ
رانا سعید اقبال نے بھی چیک دیا۔ سوال و جواب کی نشست میں میاں جاوید اقبال، ایوب صابر، ذوالفقار علی، مرزا ہدایت اللہ، چوہدری محمد اصغر، انجینئر رضوان اشرف اور بابر شہزاد نے حصہ لیا۔ آخر میں شیخ عبدالقیوم نے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں اور میاں جاوید اقبال کے ہمراہ مولانا بشیر فاروقی کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی۔

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh