فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری تاجروں اور صنعتکاروں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں

فیصل آباد (حشمت خان) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا ہے کہ قومی معیشت کی بحالی کیلئے قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے بہت جلد فیصل آباد میں آل پاکستان تاجر کنونشن اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے الگ الگ اجلاس بلائے جائیں گے۔ وہ آج صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی ”میٹ دی پریس“ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے دور صدارت کیلئے 20نکاتی روڈ میپ بھی پیش کیا اور خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان سے اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری تاجروں اور صنعتکاروں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ قومی معیشت کی بحالی کیلئے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ فیصل آباد چیمبر بزنس کمیونٹی کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ وہ شٹر پاور رکھنے والے تاجر طبقہ کے پہلے منتخب صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیکٹر کے مسائل کی نشاندہی اور اُن کے حل کیلئے اسی سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل ٹیکنو کریٹ کی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ بڑے اور اہم مسائل کیلئے سابق صدور پر مشتمل تھنک ٹینک بھی قائم کیا جائے گا۔ یہ تھنک ٹینک صدر کو قومی اہمیت کے امور پر مشورے دے گا۔ انہوں نے اپنے 20نکاتی ایجنڈے کی بھی تفصیلی وضاحت کی اور کہا کہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے بیمار صنعتوں کی بحالی پر بھی پوری توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے انڈسٹری۔اکیڈیمیا رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مختلف یونیورسٹیوں اور چیمبر کے صدر پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو سنٹر کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں ستر ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جبکہ اس پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے برآمد کنندگان اور بڑی صنعتوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی چھوٹی صنعتوں کیلئے بھی مشینری کی اپ گریڈیشن کیلئے سستے قرضے مہیا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مختلف اداروں کے بورڈ آف گورنرز میں فیصل آباد چیمبر کی نمائندگی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائے گی۔ وزیر اعظم سے اپنی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے عمران خان کو فیصل آباد آنے کی بھی دعوت دی ہے اور توقع ہے کہ اس کے نتیجہ میں فیصل آباد شہر کے رکے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جا سکے گا۔ فیصل آباد چیمبر کی ممبر شپ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ہر سال اس میں ایک ہزار کا اضافہ ہوتا ہے جبکہ اُن کی کوشش ہو گی کہ اُن کے دور میں چیمبر کی ممبر شپ میں کم از کم دو ہزار کا اضافہ ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ برآمدات کو بڑھانے کیلئے اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی سفیروں کو
فیصل آباد چیمبر آنے کی دعوت دی جائے گی جبکہ فیصل آباد کی مصنوعات کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے کیلئے اس سال ملک کے تین اہم شہروں میں فیصل آباد ایکسپو کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کی بیسمنٹ میں قائم ای پولیس اسٹیشن کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس اسٹیشن کے ذریعے ممبروں کو 26,27مختلف قسم کی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں جبکہ وہ ان میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ کی سہولت بھی مہیا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے صحافیوں کیلئے صحافی کالونی کے مطالبے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر اُن کی اس جدوجہد میں اُن کا بھرپور ساتھ دے گا۔ تاجروں کی طرف سے شناختی کارڈ اور 17فیصد سیلز ٹیکس کے خلاف احتجاج کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ چیمبر احتجاج کرنے والا ادارہ نہیں۔ ہم اس مسئلہ پر حکومت اور تاجروں کے درمیان مفاہمت پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ظفر اقبال سرور نے بھی صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیئے اور بتایا کہ سیلز ٹیکس کی آڑ میں بلاجواز مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے تاجروں کو بھی اپنے رویے کو بدلنا ہو گا۔ اس موقع پر نائب صدر بلال وحید، چوہدری محمد نواز، انجینئررضوان اشرف، رانا اکرام اللہ، حاجی طالب حسین رانا،
چوہدری محمد اصغر، حاجی محمد سلیم، کاشف ضیاء اور دیگر ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh