فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا انتخابی عمل مکمل طور پر صاف،شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوگا۔ ہمافرخ

فیصل آباد ( حشمت خان) فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا 2019-20کا انتخابی عمل مکمل طور پر صاف،شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوگا۔ یہ بات وومن چیمبر کے الیکشن کمیشن کی سینئر رکن ہمافرخ نے آج الیکشن کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میمورنڈم اینڈ آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے آرٹیکل 15اور ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013کے تحت تمام ممبران جو اپنے دو سال مکمل کر چکی ہیں وہ ووٹ کاسٹ کرنے اور الیکشن میں حصہ لینے کی اہل ہو ں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی شیڈول کے مطابق وومن چیمبر کی پرویژنل ووٹروں کی فہرستیں نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کے علاوہ ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی شیڈول کے مطابق ووٹروں کی حتمی لسٹ 19اگست 2019کو وومن چیمبر کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی جائے گی۔ مجلس عاملہ کی خالی ہونے والی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی 21اگست تک داخل کرائے جا سکیں گے۔ جانچ پڑتال اور اپیلوں کے مرحلہ کے بعد نامزد امیدوار وں کی حتمی فہرست 9ستمبر کو جاری کر دی جائے گی جبکہ کارپوریٹ کلاس کیلئے پولنگ 14ستمبر، ایسوسی ایٹ کلاس کیلئے پولنگ 16ستمبر کو ہو گی۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوگی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان فوری کر دیا جائے گا۔ مجلس عاملہ کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے ممبران صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے کاغذات 19ستمبر تک داخل کرا سکیں گے۔ ان کاغذات کی جانچ پڑتال 20ستمبر کو ہو گی اور اسی روز ان کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ ان عہدوں کیلئے پولنگ 23ستمبر کو ہو گی تاہم نتائج کا باضابطہ اعلان 28ستمبر کو چیمبر کے سالانہ اجلاس عام میں کیا جائے گا۔ سدرہ نقوی نے وومن چیمبر کی سیکرٹری جنرل کو ہدایت کی کہ وہ دفتری اوقات کار کے دوران الیکشن کے بارے میں معلومات حاصل کرنے والوں کی ہر ممکن راہنمائی کریں اور الیکشن شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کی رکن نمرہ رحیم بھی موجود تھی۔

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh