گھنٹہ گھر اور ملحقہ آٹھ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمہ‘ پارکنگ اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر

فیصل آباد(حشمت خان )ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ گھنٹہ گھر اور ملحقہ آٹھ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمہ‘ پارکنگ اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔اس ضمن میں تاجر تنظیموں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں مختلف کاروباری و تاجر تنظیموں سے مشترکہ طورپرمیٹنگ کرتے ہوئے کہی۔ سرپرست اعلی سپریم انجمن تاجران اسلم بھلی‘ چیئرمین محمد امین بٹ‘ وائس چیئرمین رانا سکندر اعظم‘ نائب صدر محمد یاسین لطیف چھینہ‘ جنرل سیکرٹری انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ میاں تنویر ریاض کے علاوہ آفتاب احمد‘ میاں سجاد احمد‘ حاجی محمد عابد‘ رانا عبدالحمید خاں‘ طارق محمود قادری‘ ملک عبدالستار اعوان‘محمد اسلم بشیر‘خالد محمود‘ ملک حماد رضا‘ملک شاہدرسول و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجر حضرات معاشرے کا فعال اور اہم حصہ ہیں جو معاشری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی بھلائی کے کاموں میں بھی قابل قدر کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری کے مسائل کے حل پر ترجیحی اقدامات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت سے گھنٹہ گھر اور ملحقہ بازاروں کو صاف ستھرا بنائیں گے اور پارکنگ کمپنی‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی‘ سٹی ٹریفک پولیس‘ میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں و اداروں کی کارکردگی کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی خدمت ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور ان کے دفتر کے دروازے عام آدمی کے مسائل کے حل کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے تعمیر و ترقی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پل انڈر پاس‘ گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی اور پارکنگ پلازہ کی تعمیر ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔اسلم بھلی‘ میاں تنویر ریاض‘ راؤ سکندر اعظم و دیگر نے کہا کہ تاجر تنظیمیں تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانیت کی بھلائی کے لئے فلاحی کاموں میں بھی بھر پور حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے گھنٹہ گھر سے تجاوزات کے خاتمے‘ پارکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے سمیت دیگر بعض شہری مسائل سے آگاہ کیا۔

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh