لاہور :۔۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور شراکت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے عوام محبت کے بندھن میں بندھے ہیں اوردونوں صوبوں کی حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خالص غذا کی فراہمی کیلئے خیبرپختونخوا کو معاونت فراہم کر سکتی ہے اورآئی ٹی کے شعبے میں بھی باہمی اشتراک سے پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت مشترکہ عزم ہے، کام کرکے دکھائیں گے۔ مواصلات کے نیٹ ورک کو بہتر بنا کر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نجی شعبے کے تعاون سے سیاحت کے نئے مقام ڈویلپ کرنے کے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوہ سلیمان میں 8 ہزار فٹ بلندی پر سیاحتی مقام بنائیں گے اوربھکر کے دریائی علاقے میں باہمی اشتراک سے تفریحی مقام بنانے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بارڈر ایریا میں مشکوک اور سماج دشمن عناصر کی آمد و رفت روکنے کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے اورڈیرہ اسماعیل خان سے پنجاب کے راستے سندھ تک موٹروے کی تجویز کے قابل عمل ہونے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر کے مختلف منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پشاور کے دورے کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی فرصت میں پاکستان کے خوبصورت صوبے خیبرپختونخوا کا دورہ کروں گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کا برسراقتدار آنا خوش آئند ہے۔ عوام کی ترقی کیلئے پی ٹی آئی تاریخی خدمات سرانجام دینے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سردار فتح محمد خان بزدار کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ والدین اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہیں۔سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم نے سماجی، فلاحی اور سیاسی خدمات کی قابل تقلید مثالیں قائم کیں۔صوبائی وزراء سمیع اللہ چوہدری، حافظ ممتاز احمد، خیبرپختونخوا کے صوبائی مشیر اجمل وزیر، ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی ریاض خان، پیر مصور، سید فخر جہاں اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh