شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور بے جا نمود و نمائش کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

فیصل آباد(حشمت خان)ضلعی انتظامیہ نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزی اور بے جا نمود و نمائش کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں چھاپہ مار ٹیموں کومتحرک کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ( سٹی ) شمائلہ منظور نے ہنگامی طورپر میرج ہالز / ہوٹلز کی انتظامیہ کا اجلاس طلب کرکے انہیں وارننگ دی کہ وہ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں بصورت دیگر انسپکشن کے دوران ون ڈش اور رات دس بجے تک کے مقررہ اوقات کی خلاف ورزی پائی گئی تو سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شادی کی تقریبات میں بے جا نمود و نمائش ‘ آتش بازی‘ ڈورن کیمروں کے استعمال اور ہوائی فائرنگ سے بھی باز رہا جائے ۔ قانون شکنی قطعا برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ میرج / ہوٹلز کے علاوہ پارکس اور کھلی جگہوں پر شادی کی تقریبات کو بھی چیک کیاجائے گا اور میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہو گا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ پکوان اورکیٹرنگ والوں کو بھی خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ بھی شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزی نہ کریں ۔ انہوں نے شادی کی تقریبات کے منتظمین کو بھی احساس دلایا کہ وہ ولیمہ / بارات کے مہمانوں کی تواضع کے لئے میرج ہالز/ ہوٹلز انتظامیہ سے زیادہ ڈشز کا انتظام کرنے کے لئے اصرار نہ کریں وگرنہ وہ بھی قانون کی زد میں آئیں گے ۔ اسسٹنٹ کمشنر ( سٹی ) نے میرج ہالز / ہوٹلز کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ میرج ایکٹ کی تفصیلات سے آگاہ رہیں جس کی خلاف ورزی نہ کی جائے کیونکہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ میرج ایکٹ کی پابندی کرانے کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *