وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ پاکستان ائیر فورس،ائیروائس مارشل عرفان احمدکی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ پاکستان ائیر فورس،ائیروائس مارشل عرفان احمدکی ملاقات
وزیراعلیٰ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی طیاروں کو مار گرانے اور مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے کامیاب ایکشن کو سراہا
ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نیوالے پاکستان ائیر فورس کے بہادر شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں:عثمان بزدار
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے 
سکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان خان پاکستانی قوم کا فخر ہیں،پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری پر ناز ہے
ہماری مسلح افواج وطن کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،مادر وطن کے وقار ، سلامتی و خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ پاکستان ائیر فورس،ائیروائس مارشل عرفان احمدنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پیشہ ورانہ امور پرمہارت، فضائی سرحدوں کی حفاظت اور دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی طیاروں کو مار گرانے اور مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے کامیاب ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے بہاد ر شاہینوں نے دشمن کی بزدلانہ حرکت کو ناکام بنایا اور بھارت کے2 جنگی طیاروں کو گرا کر مودی سرکار کو بھرپورجواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نے والے پاکستان ائیر فورس کے بہادر شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان خان پاکستانی قوم کا فخر ہیں۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے اور بھارت کو باور کروا دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے ہمہ وقت تیار ہیں اور وطن کی حفاظت پر مامورپاکستان کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے ۔ پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدودکے تحفظ کیلئے جرأت اوربہادری کی تاریخ رقم کی ہے اور قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرأت پر ناز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی حدود کے دفاع کیلئے شاندار خدمات سرانجام دینے کیساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے بھی بہترین انداز میں کام کیا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے ایئرفورس نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے۔ قدرتی آفات کے دوران پاک فضائیہ نے ریسکیو آپریشن کرکے قومی خدمت سرانجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج کی صلاحیت ، بہادری، جرأت اور شجاعت پرفخر ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی مکمل اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی سا لمیت اور وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مادر وطن کے وقار ، سلامتی اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *