اسوہء ابراہیمی مسلم امہ کو اپنی ذات کواعلی انسانی مقاصد کے لئے وقف کر دینے کا پیغام دیتی ہے۔: ملک عمر فاروق

فیصل آباد( حشمت خان)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اسوہء ابراہیمی مسلم امہ کو اپنی ذات کواعلی انسانی مقاصد کے لئے وقف کر دینے کا پیغام دیتی ہے۔ افراد کی قربانی ہی معاشرے اور قوم کو زندہ رکھتی ہے اور یہی جذبہ قربانی کی اصل روح ہے۔ ملک عمر فاروق نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثارو قربانی کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات، گروہی اختلافات اور ذاتی خواہشات کو ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے قربان کرنا ہوگا۔ عید الاضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا ہے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہیں۔ عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ارد گرد بھی نظر رکھنی چاہیے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔ آج کے دن ہمیں قوم کی ان محافظوں اور معماروں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت، تعمیر اور سر بلندی کے لیے اپنے دن رات کا آرام اور جانیں قربان کی ہیں۔ ملک عمر فاروق کا کہنا تھا کہ آج عید کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کر سکتے۔کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارتی ظلم و جبر کے آگے اپنی تیسری نسل قربان کر رہے ہیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی جرات،بہادری اور لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انشاء اللہ کشمیر کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا اور ہمارے کشمیری بھائی ایک آزاد اور خود مختار قوم کی حیثیت سے اپنے گھروں میں عید کی خوشیاں منائیں گے۔ ملک عمر فاروق نے دعا کی کہ اللہ پاک ہم سب کو عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار فرمائے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی اصل روح کے مطابق سمجھنے اور ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh