عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا ۔ڈویژنل کمشنر عشرت علی

فیصل آباد( حشمت خان)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز متحرک انداز میں فرائض انجام دیں گی تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مستعدی سے ٹھکانے لگا کر شہریوں کوتعفن سے پاک خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،سینئر مینجر آپریشن کرنل عماد اقبال گل،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن نعیم اللہ وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے میڈیا کے ہمیشہ سے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن کے حوالے سے ٹھوس اورموثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس پر کامیاب عملدرآمد کے نتیجہ میں قربانی کے جانوروں کی باقیات کی صفائی کے حوالے سے شہریوں کو واضح فرق نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ کڑے نظام کے تحت صفائی آپریشن کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی اس سلسلے میں تمام انتظامی مشینری متحرک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں /اداروں پر واضح کردیا گیا ہے کہ عیدالاضحی پر معیاری صفائی میں سستی،لاپرواہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اس میں غفلت شعار اورفرائض سے پہلو تہی کرنے والے سٹاف کے خلاف ایکشن اوربہترین سروسز کے حامل ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا جس کے مطابق عید سے قبل عید گاہوں کی صفائی ستھرائی اور عید کے ایام کے دوران قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا اور عید کے بعد اجتماعی قربانی کے مقامات کے علاوہ شہر کی اہم سڑکوں کی دھلائی کی جائے گی تاکہ قربانی کے باعث پیدا شدہ ناخوشگوار ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی اس سلسلے میں جامع انتظامات کے تحت صفائی آپریشن کو کامیاب بنائیں گے۔سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان نے بتایا کہ قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو شہر سے باہر زمین میں دبانے کے لئے جڑانوالہ روڈ پر محمد والا کے قریب تین خندقیں کھودی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صفائی آپریشن میں چار ہزار ویسٹ ورکرز،1163 چھوٹی بڑی گاڑیاں آپریشن فلیٹ کا حصہ ہونگی جن میں 474پہلے،439 دوسرے اور 250 گاڑیاں تیسرے روز استعمال ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی کنٹرول روم فعال رہے گا اور عوامی شکایات/معلومات کی وصولی کے لئے ٹیلی فون کی لائنوں کی تعداد میں 12تک اضافہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں 40آگاہی کیمپس بھی قائم ہونگے جہاں پر شہریوں میں بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز مفت تقسیم کئے جائیں گے اور صفائی ستھرائی سے متعلقہ معلوماتی پمفلٹس بھی فراہم کرینگے۔انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ عیدالضحی پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔دریں اثناء کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی کو عید الاضحی صفائی پلان پر بریفنگ بھی دی گئی۔ارکان اسمبلی شکیل شاہد،لطیف نذر،میاں وارث عزیز،فردوس رائے اور دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے عید الاضحی صفائی اپریشن سے آگاہ کیا گیا۔ارکان اسمبلی نے عید صفائی پلان پر موثر عملدرآمد کی تاکید کی اور بعض تجاویز پیش کیں۔
۔۔۔///۔۔۔

About The Author

CTN

You might be interested in

LEAVE YOUR COMMENT

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Online Shopping in BangladeshCheap Hotels in Bangladesh